خبرنامہ سندھ

چیئرمین فشرمین کےسنسنی خیزانکشافات

کراچی (آئی این پی )کراچی فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے چیئرمین سلطان قمر صدیقی کی جے آئی ٹی رپورٹ منظر عام پر آگئی ۔ رپورٹ کے مطابق ملزم سانحہ صفورا کا سہولت کار اور ہتھیار چلانے کا ماہر ہے جبکہ ملزم لاہور،پشاور اور بیرون ملک سے ہتھیاروں کی غیر قانونی خرید و فروخت میں بھی ملوث رہا ہے۔ کرپشن اور سنگین جرائم میں گرفتار فشر مین کوآپریٹو سوسائٹی کے چیئرمین ملزم سلطان قمر صدیقی نے جے آئی ٹی رپورٹ میں انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ نعیم ساجد، زاہد موتی والا اور حسین عمر عرف شبلی اسلحے کے لائسنس اور بغیر لائسنس خریدو فروخت میں ملوث ہیں۔ رپورٹ کے مطابق قمر سلطان صدیقی نے اپنے اثرو رسوخ سے نعیم ساجد عرف پینا کو اسلحے کی دکان کھولنے میں مدد فراہم کی۔ اسلحے کی خریدو فروخت آئیڈیل گن،زاہد موتی والا اور بلوچ آرمر شاپ کے ذریعے کی جاتی تھی جبکہ نعیم ساجد عرف پینا کے ذریعے متعدد اسلحے کی دکانوں سے خریدو فروخت کی جاتی رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملزم لاہور، پشاور اور بیرون ملک سے ہتھیاروں کی غیر قانونی خرید و فروخت میں بھی ملوث رہا ہے جبکہ سلطان قمر سیاستدانوں، جرائم پیشہ افراد اور سرکاری افسران کو براہ راست ہتھیاروں کی سپلائی اور خریدو فروخت میں بھی ملوث رہا ہے۔ رپورٹ میں مزید انکشاف کرتے ہوئے ملزم نے بتایا کہ اسلحہ چلانے کی مہارت شوٹنگ کلب اور انٹر نیٹ کے ذریعے حاصل کی جبکہ زمانہ طالبعلمی میں قمر سلطان صدیقی کا تعلق طلبہ تنظیم سے تھا۔