کراچی:(اے پی پی) سابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کے وکیل انور منصورخان نےکہا ہےکہ ڈاکٹر عاصم کے کیس میں چیئرمین نیب خود کو بچاتے ہوئے چل رہے ہیںاور ان کےخلاف ایک نیا ریفرنس بنایا جارہا ہے۔ انور منصورخان ایڈووکیٹ نے احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تفتیشی افسر کے مطابق تحقیقات مکمل ہوگئی،اگر نیب کی جانب سے پہلے ریفرنس دائر ہوجاتاتو تحقیقات جاری رہے سکتی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اب مزید حراست کا کوئی جواز نہیں بنتا،اس معاملے میں چیئرمین نیب این آئی سی ایل کیس میں براہ راست ملوث ہیں اور انہیں مستعفی ہوکر الزامات کاسامنا کرنا چاہئے۔ انور منصور خان نے مزید کہا کہ نیب کو سیاسی مقاصد کےلیے استعمال کیا جارہاہے اور ڈاکٹر عاصم کے ذاتی ملازمین کو دھمکایا جارہا ہے۔جمعہ کو ڈاکٹر عاصم کے پرسنل اسسٹنٹ شکیل کو بھی اٹھا کر لے جایا گیا جسے آج صبح چھوڑ ا گیا۔