چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے انوکھی سزاؤں کا نوٹس لے لیا
کراچی:(ملت آن لائن) چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے شہر قائد میں ماتحت عدالتوں میں انوکھی سزاؤں کا نوٹس لے لیا۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ احمد علی شیخ نے کراچی کی ماتحت عدالتوں میں انوکھی سزاؤں پرنوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججزسے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ عدالت عالیہ نے ماتحت عدالتوں سے تمام سنائی گئی سزاؤں کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے اوراس حوالے سے جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی، جنوبی اورایڈیشنل سیشن جج غربی و دیگرعدالتوں کو مکتوب موصول ہوگئے ہیں۔سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے مطابق یہ سزائیں قانون کے مطابق نہیں، ایسی سزاؤں سے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے اور عدلیہ کی بدنامی ہوگی۔
واضح رہے کہ کراچی کی ماتحت عدالتوں نے کئی انوکھی سزائیں سنائی تھی۔ ایک ملزم کو پلے کارڈ کے ساتھ سڑک پرکھڑے ہونے کی سزادی گئی تھی۔ ایک ملزم کو مسجد میں صفیں بچھانے اور دوسرے کو 3 سال نمازپڑھنے کا زبانی حکم دیتے ہوئے فیصلہ 22 نومبر تک مؤخرکردیا تھا۔