خبرنامہ سندھ

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کےبیٹےکا سراغ نہ لگایا جا سکا

کراچی:(آئی این پی) کراچی میں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے بیٹے اویس علی شاہ کے اغوا کی تحقیقات کی جا رہی ہیں ۔ اویس علی شاہ کے اغوا کاروں کا تاحال کچھ معلوم نہیں ہو سکا ہے ۔ کراچی میں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے بیٹے اویس کو کراچی کے علاقے کلفٹن سے جعلی نمبر پلیٹ لگی گاڑی میں اغوا کیا گیا ، آئی جی سندھ کی جانب سے قائم کی گئی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں تمام ممبران نے اویس شاہ کے اغوا کے تحقیقات سے ڈی آئی جی سی آئی اے سلطان خواجہ کو آگاہ کیا ۔ اویس شاہ کے اغوا پر حکومتی ، انتظامی عہدیداروں سمیت تمام اعلیٰ حکام نے نوٹس تو لے لئے لیکن تاحال معاملہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے حصول اور ایف آئی آر کے اندراج سے آگے نہیں بڑھ سکا ۔ معاملے کی ایس آئی یو ، اے وی سی سی ، سی ٹی ڈی اور مختلف ٹیمیں تحقیقات کر رہی ہیں ۔ رینجرز ذرائع کے مطابق رینجرز ٹاسک فورس بھی اویس شاہ کے اغوا کے حوالے سے شواہد جمع کر رہی ہے ، تاہم رینجرز اور پولیس اب تک اغوا کاروں کے گروہ کا بھی تعین نہیں کر سکی اور نہ ہی اویس شاہ کو اغوا کرنے والوں نے کسی قسم کا رابطہ کیا ہے ۔