خبرنامہ سندھ

چین کی جانب سے مزار قائدکے لئے قیمتی دیدہ زیب فانوس کا تحفہ تیار:عرفان صدیقی

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ دوست ملک چین نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار کے لئے کروڑوں روپے کی لاگت سے تیار ہونے والا انتہائی دیدہ زیب فانوس تحفے میں دیا ہے جسے رواں سال اگست کے مہینے میں پرانے فانوس کی جگہ لگا دیا جائے گا۔ وہ بدھ کو وزارت خارجہ میں ’قدیم پاکستان‘کے عنوان سے منعقدہ تین روزہ نمائش کی اختتامی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری، آثار قدیمہ اور نوادرات سے متعلق ماہرین، مختلف عجائب گھروں سے تعلق رکھنے والے ذمہ داران، کاریگروں، فنکاروں، نیشنل کالج آف آرٹس کے طلباء وطالبات اور وزارت خاجہ کے افسران موجود تھے۔ وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے کہاکہ مزار قائد قومی اتحاد و یکجہتی کی علامت ہے۔ اس کی دیکھ بھال اور تزئین وآرائش ہماری اولین ترجیح ہے جس پر حکومت بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے ایسے تمام اہم مقامات ، تہذیبی وتاریخی ورثہ کی اہمیت کی بناء پر ایک الگ ڈویژن قومی تاریخ وادبی ورثہ تشکیل دیا جس کی ذمہ داریوں میں مزارقائد کی دیکھ بھال سے متعلق امور بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پہلے بھی چین نے ہی مزارقائد کے لئے فانوس تحفہ میں دیاتھا اور اب ہم نے جب اس کی تزئین ، مرمت اور آرائش کا جائزہ لیا تو ایک بار پھر چین کی طرف سے نیا فانوس بطور تحفہ دینے کی پیشکش ہوئی ۔ جس کی تیاری پر 32 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئی ہے۔ پوری قوم چین کے اس جذبہء خیر سگالی کو عزت اور محبت کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور اس تحفہ پراہل پاکستان چین کے شکرگزار ہیں۔ وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ نے کہاکہ وفاقی دارالحکومت کے شایان عجائب گھر (میوزیم) کی تعمیر کے لئے لوک ورثہ سے ملحقہ قطعہ اراضی حاصل کرلیاگیا ہے اور تعمیرجلد شروع کرانے کے لئے ضابطہ کی کارروائی جاری ہے۔ میری خواہش اور کوشش ہے کہ وزیراعظم رواں سال ہی میں اس قومی میوزیم کا سنگ بنیاد رکھیں۔ یہ میوزیم اسلام آباد میں ایک بڑا تہذیبی اور ثقافتی مرکز ہوگا جس میں علمی، ادبی، آثارقدیمہ اور بچوں سے متعلق گوشے ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ دنیا کے سامنے پاکستان کا حقیقی چہرہ اجاگر کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم ایسی نمائشیں دنیا کے دیگر ممالک میں بھی منعقد کریں تاکہ دنیا کو معلو م ہو کہ پاکستان کتنی عظیم تہذیب کا گہوارہ رہا ہے، ہم تعلیم، تہذیب، ماضی کے ورثے اور فنون لطیفہ سے کتنی رغبت رکھتے ہیں۔ سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی کی جانب سے تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کیا اور کہاکہ قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن عرفان صدیقی کی سربراہی میں جو کاوشیں کررہا ہے، وہ قابل تعریف ہیں۔ اسلام آباد میں میوزیم کی تعمیر خوشی کی خبر ہے اور ، ہمارے لئے یہ اعزاز ہوگا کہ وزارت خارجہ ان مقاصد کے حوالہ سے اشتراک عمل کرے اور پاکستان کی تاریخ،تہذیب اور ورثہ کو محفوظ بنانے اور اسے دنیا کے سامنے لانے کے لئے اپنا حصہ ڈالے۔ انہوں نے کہاکہ اس نمائش کو دیکھنے کے بعد کئی ممالک کے سفیروں نے اس خواہش کا اظہارکیا ہے کہ وہ اس نمائش کو اپنے ممالک میں منعقد کرانا چاہتے ہیں۔ دفتر خارجہ میں ’’قدیم پاکستان‘‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والی اس نمائش میں 7000 قبل مسیح قدیم نوادرات بھی شامل ہیں جو اپنی اصل حالت میں ہیں۔نمائش میں موہنجودڑو، ہڑپہ، گندھارا اور مہرگڑھ تہذیب سے تعلق رکھنے والی مختلف اشیاء رکھی گئی ہیں۔ نمائش میں ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے کاریگروں اور فنکاروں کے سٹالز لگائے گئے تھے جن میں غیر ملکی سفیروں اور نمائش میں آنے والے افراد نے گہری دلچسپی لی۔ انہوں نے نمائش کا اہتمام کرنے والی ٹیم کو شاباش دی اور ان کے جذبہ کی تعریف کی۔ قبل ازیں مشیر وزیراعظم نے نمائش میں رکھے گئے نوادرات، آثارقدیمہ اور مخطوطات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف افراد میں تعریفی شیلڈز بھی تقسیم کیں۔ سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے مشیر وزیراعظم کو یادگاری شیلڈ اور وزارت خارجہ کی جانب سے آثار قدیمہ سے متعلق تیار کردہ رپورٹ بھی پیش کی۔