کراچی: (ملت آن لائن) ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں جشنِ آزادی شایانِ شان طور پر منانے کے لئے تیاریاں جاری ہیں۔ ڈاؤ میڈیکل کالج اور اوجھا کیمپس میں چراغاں کے انتظامات اور جھنڈیاں لگائی جا رہی ہیں، طلباو طالبات قومی پرچم کے بیجز کے ساتھ سبز اور سفید رنگوں کے امتزاج کے لباس زیبِ تن کئے آرہے ہیں، 11 اگست کو اردو انگریزی مباحثے منعقد ہوں گے۔ ڈاؤ یونیورسٹی کے تمام انسٹیٹیوٹس کے طلباو طالبات ان مباحثوں میں حصہ لیں گے۔ اس سلسلے میں طلبا کو رجسٹریشن کے لئے 10 اگست تک کا وقت دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں 14 اگست کی صبح پرچم کشائی کی تقریب بھی منعقد کی جائے گی۔ وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی قومی پرچم لہرائیں گے۔ مباحثے کے لئے اردو میں ’’یہ خاک وطن ہے جان اپنی‘‘ جبکہ انگریزی میں ’’آئی ڈریم آف اے پاکستان‘‘ کے عنوانات دیئے گئے ہیں۔