خبرنامہ سندھ

ڈاکٹرعاصم حسین کی علاج سے متعلق درخواست نمٹادی گئی نجی ہسپتال میں علاج کیاجازت

کراچی (آئی این پی) احتساب عدالت نے اربوں کی کرپشن میں گرفتار سابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کی علاج سے متعلق درخواست نمٹاتے ہوئے نجی ہسپتال میں علاج کی اجازت دے دی،عدالتی حکم نامے میں کہا گیا کہ نجی ہسپتال میں ڈاکٹر عاصم کے خرچے پر ان کاعلاج کرایا جائے، جیل انتظامیہ ڈاکٹرز کی سفارش کے مطابق ڈاکٹر عاصم کو طبی سہولیات مہیا کرے۔ ہفتہ کو احتساب عدالت میں اربوں کی کرپشن میں گرفتار سابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کی علاج سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران ڈاکٹر حسین کے وکیل نے درخواست پر دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عاصم ذہنی طور پر بہت کمزور ہو گئے ہیں، ان کی یادداشت نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے، جناح ہسپتال میں مناسب سہولیات نہیں جو کہ آغا خان ہسپتال میں موجود ہیں، لہٰذا ڈاکٹر عاصم کا علاج نجی ہسپتال کرانے کی اجازت دی جائے۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر امجد شاہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اگر میڈیکل بورڈ اس بات کی سفارش کرے تو وہ حمایت کریں گے، میڈیکل بورڈ کی سفارش پر نجی ہسپتال میں ڈاکٹر عاصم کے علاج پر کوئی اعتراض نہیں ہو گا، عدالت نے دونوں طرف کے دلائل مکمل ہونے کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، جسے تھوڑی دیر بعد سنا دیا گیا۔ عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین کو نجی ہسپتال میں علاج کی اجازت دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ڈاکٹرز کی سفارش کے مطابق ڈاکٹر عاصم کو طبی سہولیات فراہم کی جائیں، ڈاکٹر عاصم کے خرچے پر نجی ہسپتال میں ان کا علاج کرایا جائے۔(اح)