خبرنامہ سندھ

ڈاکٹرعاصم کے ہاتھ سے تسبیح گرگئی صحافیوں پر آگ بگولہ ہوگئے

کراچی (آئی این پی) سابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کے ہاتھوں سے پیشی کے موقع پر تسبیح گرگئی جس پر وہ نجی ٹی وی کے کیمرہ مین پر بھڑک اٹھے۔ ڈاکٹر عاصم حسین پیشی کیلئے عدالت آرہے تھے کہ اسی دوران وہ جب بکتر بند گاڑی سے باہر نکلے تو ان سے بات کرنے اور ان کی میڈیا کوریج کیلئے میڈیا کے نمائندے آگے بڑھے۔ اس دوران ڈاکٹر عاصم حسین تسبیح کا ورد کر رہے تھے۔ سکیورٹی حکام کی جانب سے میڈیا کو آگے بڑھنے سے روکنے اور ڈاکٹر عاصم کو محفوظ رکھنے کیلئے حصار بنایا گیا تھا۔ صحافیوں نے آگے بڑھ کر ڈاکٹر عاصم سے بات کرنا چاہی تو سکیورٹی حکام نے میڈیا کے نمائندوں کو روکا۔ اسی دوران ایک ٹی وی چینل کے کیمرہ مین کے نزدیک آنے سے ڈاکٹر عاصم حسین کے ہاتھ سے تسبیح زمین پر گر گئی جس سے وہ آگ بگولہ ہوگئے اور غصے کے عالم میں تسبیح زمین سے اٹھائے بغیر ہی سماعت کیلئے چلے گئے۔