کراچی(ملت آن لائن)سابق مشیر پٹرولیم اور پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کا دماغی معائنہ بھی ہونا چاہیے اور میں دعوی سے کہہ سکتا ہوں کہ یہ پاگل ہیں۔
کراچی میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ ان کے کیس میں پانچواں پراسیکیوٹر بھی تبدیل کردیا گیا، چیئرمین نیب اور ان کا ٹولا میرے خلاف سازش کررہا ہے، نیب کے پاس میرے خلاف ثبوت ہی نہیں ہیں، نیب نے میرے خلاف جعلی اور سیاسی کیس بنایا ہے، سندھ میں دس ہزار زمینوں کے کیس ہیں اس میں صرف ڈاکٹر عاصم نظر آتا ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ حکمران جے آئی ٹی سے بچ گئے تو ان کی لوٹی ہوئی ساری دولت وائٹ ہوجائے گی، جس طرح کی حرکتیں یہ لوگ کر رہے ہیں اس سے لگتا ہے کہ (ن) لیگ والے دباؤ برداشت نہیں کرسکتے، آج نواز شریف کے خلاف جے آئی ٹی چل رہی ہے تو وہ خلافت راشدہ کے دور کی باتیں کرنے لگے ہیں۔ یہ خود ہی سازش کرتے ہیں اور پھر دوسروں پر سازش کا الزام لگاتے ہیں، نوازشریف ٹولہ پاکستان کا دشمن ہے اور ملک کو نقصان پہنچا رہا ہے، یہ پاکستان کی ترقی نہیں چاہتے۔
ڈاکٹر عاصم نے وزیراعظم نواز شریف کے خلاف فیصلے کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اجلاسوں کی صدارت کررہے ہیں، گھوم پھررہے ہیں تاجکستان جارہے ہیں، ہرکام کررہے ہیں، جے آئی ٹی کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کا دماغی معائنہ بھی ہونا چاہیے اور میں دعوی سے کہہ سکتا ہوں کہ یہ پاگل ہیں۔