کراچی (آئی این پی)کراچی کی احتساب عدالت نے ڈاکٹروں کی ہدایت پرسابق وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کو میڈیکل رپورٹ کے مطابق دماغی توازن درست نہ ہونے کی وجہ سے عدالت میں پیش نہ کرنے پر نیب ریفرنس کیس کی سماعت 17 مارچ تک ملتوی کردی۔نجی ٹی وی کے مطابق ہفتہ کو کراچی کی احتساب عدالت میں سابق وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف نیب ریفرنس کیس کی سماعت ہوئی۔سماعت کے دوران نیب حکام نے عدالت کو بتایا کہ ڈاکٹر عاصم کا نام انکوائری کے بعد ریفرنس میں شامل کیاگیاہے، ڈاکٹر عاصم پر اختیارات کا ناجائز استعمال اور 17 ارب روپے کی کرپشن کے الزامات ہیں، ریفرنس میں شعیب وارثی، زوہیر صدیقی اورحماد کے نام شامل ہیں اور ملزمان نے گیس کے 4 کنوؤں کے غیر قانونی ٹینڈر جاری کرکے نجی کمپنی کو فائدہ پہنچایاہے۔احتساب عدالت نے دوران سماعت ڈاکٹر عاصم کے پیش نہ ہونے پر اظہار برہمی کیاجس پر جیل حکام نے ڈاکٹر عاصم کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کرادی اور کہا کہ ڈاکٹر عاصم حسین کا فی الحال دماغی توازن درست نہیں۔ اس لئے ڈاکٹروں کی ہدایت پر وہ عدالت نہیں آسکتے جس پر عدالت نے ڈاکٹر عاصم کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 17 مارچ تک ملتوی کردی۔(اح)