ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے اپوزیشن دستبردار
کراچی:(ملت آن لائن) سندھ اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے تمام اپوزیشن جماعتیں دستبردار ہوگئی ہیں۔ گزشتہ روز ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا کے مبینہ ناروا رویئے سے تنگ آکر اپوزیشن جماعتوں نے تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا تھا تاہم آج تمام اپوزیشن جماعتوں نے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کو ایک موقع مزید دینا چاہئے تاہم اگر انہوں نے اپنا رویہ نہ بدلا تو پھر انہیں اجلاس چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
مسلم لیگ فنکشنل کی رکن صوبائی اسمبلی نصرت سحر عباسی کا کہنا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر ہماری بات نہیں سنتیں اور ان کی توجہ صرف حکومتی بینچوں پر ہوتی، گزشتہ روز بھی ان کے اسی رویئے سے تنگ ہوکر تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا تھا لیکن ہماری بات کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا اور کہا گیا کہ نصرت سحر اکیلی ہے، آج حکومتی جماعت کے ارکان دیکھ لیں کہ ہم سب اس نکتے پر متحد ہیں اور باہمی مشاورت سے تحریک عدم اعتماد سے دستبرداری کا فیصلہ کیا لیکن اگر آئندہ کسی رکن سے نامناسب رویہ رکھا گیا تو ڈپٹی اسپیکر کے خلاف ڈرافٹ تیار ہے پھر ہمیں مجبوراً جمع کرانا پڑے گا۔