خبرنامہ سندھ

کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ تیز ہو گیا

کراچی: (ملت+اے پی پی) ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار بھڑک اٹھے۔ پی آئی بی کالونی کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ شہر میں خوف و ہراس پیدا ہو رہا ہے، کارکنان پوچھ رہے ہیں کہ کیا روپوش ہو جائیں۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ اسیر کارکنوں کے اہلخانہ سے دوسری جماعت میں شمولیت کے عوض رہائی کے وعدے کئے جا رہے ہیں، عدالتوں سے فیصلوں میں تاخیر کا مقصد سیاسی مقاصد حاصل کرنا لگتا ہے۔ خواجہ اظہار الحسن بولے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کراچی کے معاملات سے لاتعلق ہیں، گرفتاری، ہلاکت، سزائیں صرف ایم کیو ایم کارکنان کے حصے میں کیوں آ رہی ہیں؟ ایم کیو ایم رہنماؤں کا کہنا تھا کہ زبان کی بنیاد پر کراچی والوں کے ساتھ ہر جگہ تعصب برتا جا رہا ہے۔ تیسرے درجے کا شہری نہ سمجھا جائے، اعتماد کی فضاء خراب ہوئی تو ایم کیو ایم پاکستان بحال نہیں کرا سکے گی۔