خبرنامہ سندھ

کراچی،بابا لاڈلہ گروپ کے ٹھکانے پر چھاپہ، بڑی تعداد میں اسلحہ اور منشیات برآمد

کراچی (ملت + آئی این پی) کراچی کے علاقے بلدیہ رئیس گوٹھ میں حساس ادارے نے کارروائی کر کے گینگ وار بابا لاڈلہ گروپ کے ٹھکانے سے بھاری تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور منشیات برآمد کر لیں۔ شاہ لطیف ٹاؤن سے 2 اسٹریٹ کرمنلز گرفتار کر لئے گئے۔ حساس ادارے اور سٹی ڈویژن پولیس نے بلدیہ کے علاقے رئیس گوٹھ میں مشترکہ کارروائی کی۔ چھاپے کے دوران بھاری تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور منشیات برآمد ہوئیں۔ چھاپہ لیاری گینگ وار بابا لاڈلہ گروپ کے ٹھکانے پر مارا گیا تھا۔ حکام کے مطابق ملزمان شہر میں تخریب کاری کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ دوسری جانب شاہ لطیف ٹاؤن میں پولیس چھاپے کے دوران 2 اسٹریٹ کرمنلز دھر لیے گئے۔ ملزمان سے اسلحہ اور لوٹی ہوئی رقم برآمد کر لی گئی۔