پولیس نے ملزموں کی نشاندہی پر چھاپہ مارا تو دہشتگردوں نے فائرنگ کر دی
کراچی (آئی این پی) کراچی کے علاقے بھینس کالونی میں مقابلے کے دوران 4 دہشت گرد مارے گئے ، پولیس کا کہنا ہے کہ دو دہشت گرد اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے جبکہ دو پولیس کے ساتھ مقابلے میں مارے گئے۔ محمود آباد سے سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والا ٹارگٹ کلر گرفتار کرلیا گیا۔ کراچی میں امن کے دشمنوں کے خلاف گھیرا تنگ ہونے لگا۔ بھینس کالونی میں پولیس مقابلے میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے چار دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کا کہنا ہے کہ پولیس نے پہلے سے گرفتار ملزموں کی نشاندہی پر دہشت گردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا گیا تو وہاں چھپے دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔ جوابی کارروائی میں کالعدم تنظیم کے چار دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ مارے جانے والے دہشت گردوں کی شناخت زبیر ، ناصر ، عامر اور ارشد کے نام سے ہوئی ۔ راؤ انوار کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے دستی بم ، بیس سے پچیس کلو دھماکا خیز مواد اور سرکاری اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ دوسری جانب محمود آباد کے علاقے میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے ٹارگٹ کلر اکرام الدین عرف مرغی والا کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سیاسی جماعت کے رئیس ماما گروپ کے لیے کام کرتا تھا۔ ملزم کورنگی ، لانڈھی اور اطراف کے علاقوں میں ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔