کراچی (آئی این پی )کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ رینجرز نے مختلف علاقوں سے 5جبکہ پولیس نے 2 ملزمان ہلاک کردیئے اور 16 مشتبہ افراد کوحراست میں لے لیا۔ پاک کالونی،پرانا گولیمار اور ریکسر لائن میں رینجرز نے گرفتار ملزم کی نشاندہی پر سرچ آپریشن کیا۔ ذرائع کے مطابق کارروائیوں کے دوران 5 مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے رضویہ کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پرسرچ آپریشن کرتے ہوئے 14 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق زیرحراست افراد سے اسلحہ برآمد ہوا۔ ملیر کینٹ میں مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو مارے گئے۔ پولیس کے مطابق مارے گئے ملزمان کے قبضے سے چینی سے بھرا ٹرک برآمد ہوا۔ سہراب گوٹھ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 منشیات فروشوں کو گرفتار کرلیا۔