خبرنامہ سندھ

کراچی،سپر ہائی وےپرپولیس مقابلہ 3 دہشتگرد ہلاک

کراچی (آئی این پی )کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔ پولیس نے گز شتہ شب شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے پچاس افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ سپر ہائی وے پر پولیس مقابلے کے دوران تین دہشتگرد ہلاک ہوگئے ۔ ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے مطابق گزشتہ شب کراچی کے علاقے سپر ہائی وے ہزار مارکیٹ کے قریب دہشتگردوں کی اطلاع پر کارروائی کی گئی، کارروائی کے دوران پولیس سے مقابلے میں کالعدم جماعت کے تین دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ ایس ایس پی ملیر کے مطابق ملزمان سیکیورٹی فورسز پر حملے میں ملوث تھے، جبکہ دہشتگرد حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ ادھر چاکیواڑہ پولیس نے سنگولین اور رانگیواڑہ میں چھاپے مار کر گینگ وار عذیر بلوچ گروپ کے دو کارندے گرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی گئیں جبکہ دونوں ملزمان سنگین جرائم میں ملوث تھے۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پی آئی بی، اور نیوکراچی انڈسٹریل ایریا سے اسٹریٹ کرمنلز سمیت سات ملزمان گرفتار کر لئے گئے ہیں جبکہ لیاقت آباد کے علاقے بندھانی کالونی، اسحاق آباد، بلوچ ہوٹل اور بانٹوانگر میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران پینتیس افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ یہ علاقے امجد صابری کے قتل کے جائے وقوعہ سے ایک کلومیٹر کے فاصلے پر ہیں جبکہ حسین آباد کے علاقے میں ہوٹل سے چھ مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر تفتیش کی جارہی ہے۔