خبرنامہ سندھ

کراچی،فائرنگ کے مختلف واقعات میں نوجوان جاں بحق، دو افراد زخمی

کراچی (ملت + آئی این پی) کراچی میں جرائم پیشہ عناصر بے لگام، اسٹیل ٹاؤن اور کورنگی میں فائرنگ سے نوجوان جاں بحق اور خاتون سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔ سنگولین میں مبینہ پولیس مقابلہ میں گینگ وار کا کارندہ مارا گیا۔کراچی میں جرائم پیشہ عناصر نے شہریوں کا جینا عذاب بنا دیا۔ اسٹیل ٹاؤن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اٹھارہ سالہ نوجوان مجتبیٰ جاں بحق ہو گیا۔ کورنگی نمبر پانچ میں ڈکیتی مزاحمت پر خاتون سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔ بفرزون میں مکان سے ایک شخص کی لاش ملی ۔ ابوالحسن اصفہانی روڈ کے قریب معروف شاعرہ زیب النساء زیبی اپنی صاحبزادی سمیت ڈکیتی کی واردات کا شکار ہوئیں۔ موٹرسائیکل سوار ملزمان پچاس ہزار روپے اور موبائل فون چھین کر رفو چکر ہو گئے۔ ادھر لیاری سنگولین میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا۔ مقابلے میں گینگ وار فیصل پٹھان گروپ کا کارندہ عرفان چھاچھی مارا گیا۔ نارتھ ناظم آباد میں مقابلے کے بعد ایک ملزم زخمی حالت میں پکڑا گیا۔ نیو کراچی سیکٹر الیون ایچ، شاہ لطیف ٹاؤن اور فیڈرل بی ایریا میں کارروائیوں کے دوران 10 ملزمان پکڑے گئے۔