خبرنامہ سندھ

کراچی،مہران ٹاؤن میں پولیس کی کارروائی، مغوی لڑکی بازیاب، دو ملزمان گرفتار

کراچی (آئی این پی )کراچی کے علاقے مہران ٹاؤن میں پولیس نے کارروائی کر کے مغوی لڑکی کو بازیاب کر لیا جبکہ خاتون سمیت دوملزموں کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ۔ کورنگی انڈسٹریل ایریا کے علاقے مہران ٹاؤن میں پولیس نے کارروائی کر کے 22 سالہ مغوی لڑکی کو بازیاب کرا کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق مفرور ملزم اظہر لڑکی کو رحیم یار خان سے ورغلا کر کراچی لایا اور اپنے والدین کے حوالے کر کے واپس چلا گیا۔ ملزم عارف اور اسکی بیوی نے لڑکی کو حبس بے جا میں رکھ کر تشدد کا نشانہ بنایا اور جسم فروشی پر مجبورکرتے رہے۔ پولیس نے بازیاب لڑکی اور دونوں گرفتار ملزمان عارف اور رابعہ کا میڈیکل کرایا ہے اور لڑکی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے مفرور ملزمان اظہر اور سلیم کی گرفتاری کیلئے کاروائی شروع کر دی ہے۔