خبرنامہ سندھ

کراچی،ٹارگٹ کلر پھر سرگرم ، سکول سیکرٹری سمیت دو افراد قتل

کراچی (آئی این پی) کراچی میں ٹارگٹ کلر پھر سرگرم ہو گئے ، گلستان جوہر اور ایف بی ایریا میں فائرنگ سے پرائیویٹ اسکول منیجمنٹ کے سیکر ٹری سمیت دو افراد جاں بحق ہو گئے ، عید گاہ پر سرچ آپریشن کے دوران پولیس نے نو افراد کو گرفتار کر لیا۔ گلستان جوہر بلاک آٹھ میں پرائیویٹ اسکول منیجمنٹ کے سیکریٹری منصور صادق زیدی اور ان کے بیٹے کو گھر کے باہر فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ گولیاں لگنے سے منصور صادق موقع پر جاں بحق اور ان کا بیٹا شدید زخمی ہوا۔ایف بی ایریا میں بھی فائرنگ کر کے ایک شخص کی جان لے لی گئی، گلشن اقبال بلاک تھری میں دو افراد کو گولیاں مار دی گئیں۔دوسری طرف ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے بعد پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا۔ عید گاہ پر سرچ آپریشن کے دوران نو مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔