خبرنامہ سندھ

کراچی،کیماڑی میں مبینہ مقابلے میں ملزم ہلاک،اسلحہ برآمد

کراچی (ملت + آئی این پی) کراچی میں پولیس کی کارروائیاں جاری ۔ کیماڑی میں مبینہ پولیس مقابلے میں ملزم مارا گیا جبکہ بلدیہ اتحاد ٹاؤن سے دس مشتبہ افراد حراست میں لئے گئے۔ ون ویلنگ کرنے والے پچاس سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ کیماڑی کے علاقے جیکسن میں پولیس سے مبینہ مقابلے کے دوران ملزم ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق مارے جانے والے ملزم کی شناخت اسرار کے نام سے ہوئی۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا۔ دوسری جانب بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں پولیس نے کومبنگ آپریشن کے دوران دس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق آپریشن میں پانچ موبائل اور پینتیس پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا۔ادھر گزری پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ون ویلنگ کرنیوالے پچاس سے زائد موٹرسائیکل سواروں کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران چالیس سے زائد موٹر سائیکلیں بھی ضبط کر لی گئیں۔