خبرنامہ سندھ

کراچی،گارمنٹ فیکٹری میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا

کراچی (ملت + آئی این پی) کراچی میں فیڈرل بی ایریا صنعتی علاقے میں گارمنٹ فیکٹری میں آگ لگ گئی ، تاہم حادثے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ، فائر بریگیڈ کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔ کراچی میں فیڈرل بی ایریا بلاک 22 کے صنعتی علاقے میں گارمنٹ فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ ابتدا میں فائر بریگیڈ کی دو گاڑیوں نے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔ آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے مزید پانچ گاڑیاں طلب کی گئیں۔ سات گاڑیاں آگ پر قابو پانے میں مصروف رہیں، آگ کے مقام تک پہنچنے کے لئے فیکٹری کی دیوار کو توڑا گیا ، فیکٹری میں رات کو کام کرنے والے ملازمین اور چوکیدار محفوظ ہیں۔ فائر حکام کے مطابق آگ بیسمنٹ سے لگی تھی جس نے دوسرے حصوں کو لپیٹ میں لیا۔ آگ کو پھیلنے سے روک کر ایک حصے تک محدود کر دیا گیا ہے۔ فائر برگیڈ کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ سے لگی۔