کراچی (آئی این پی) کراچی میں ڈکیتوں کا راج برقرار ، گلستان جوہر میں حجام کی دکان اور گلشن اقبال میں انوسٹمنٹ آفس کا صفایا کرگئے۔ کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں نہتے شہری مسلح ڈاکوؤں کی بھینٹ چڑھ گئے۔ دو مسلح ڈاکوؤں نے حجام کی دکان کا صفایا کرڈالا۔ ملزمان نے دکان میں داخل ہوتے ہی قریب بیٹھے شخص کو تھپڑ دے مارا اور پھر چن چن کر حجام اور حجامت کرانے والے شہریوں سے موبائل فونز اور نقدی چھین لی اور کیش کاؤنڑ میں موجود ہزاروں روپوں کا بھی صفایا کر ڈالا۔ واردات سے قبل ملزمان کا ایک ساتھی دکان میں صورتحال کا جائزہ لیتا رہا۔ ایک ڈاکو نے فرار ہونے کیلئے تولیے کا سہارا بھی لیا۔ فوٹیجز میں ڈاکوؤں کے چہرے واضح طور پر دیکھے جاسکتے ہیں تاہم ملزمان تاحال پولیس کی پہنچ سے دور ہیں جبکہ گلشن اقبال میں انوسٹمنٹ آفس پہنچنے والے شہریوں کو دو مسلح ڈاکو نے لوٹ لیا۔ ملزمان نے بینک سے رقم لیکر نکلنے والے شہریوں کا تعاقب کیا۔ انوسٹمنٹ کی خواہش کرنے والے شہریوں سے نقدی اور گھڑیاں بھی لے اڑے۔ سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ۔