کراچی (ملت + آئی این پی) کراچی میں پولیس اور رینجرز کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ، ضلع وسطی کے تین مقامات سے سرچ آپریشن کے دوران پچاس مشتبہ افراد حراست میں لئے گئے۔ گٹکا بنا کر بیچنے والے دو ملزمان پکڑے گئے۔ موسیٰ کالونی، مجاہد کالونی اور اطراف کے علاقوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا۔ علاقے کے داخلی اور خارجی راستے بند کر کے گھر گھر تلاشی لی گئی۔ خاموش کالونی میں بھی رینجرز اور پولیس نے مشترکہ آپریشن کیا۔ ضلع وسطی میں تین مقامات پر سرچ آپریشن کے دوران پچاس مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ حراست میں لئے گئے افراد کو تھانے منتقل کر کے تفتیش کی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق سرچ آپریشن گزشتہ روز ناظم آباد کے علاقے میں فائرنگ کے واقعے کے بعد کیا گیا۔دوسری جانب شریف آباد کے علاقے میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان گٹکا بنا کر بیچتے تھے۔۔۔ ملزمان کے قبضے سے بڑی مقدارمیں گٹکا برآمد ہوا۔ دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔