خبرنامہ سندھ

کراچی، مختلف کارروائیوں میں ایک دہشتگرد ہلاک، 33 زیر حراست

کراچی (ملت + آئی این پی) کراچی کے علاقے کورنگی میں سی ٹی ڈی کے ساتھ مقابلے میں ایک ملزم ہلاک جبکہ شاہ فیصل کالونی، گلشن اقبال اور ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں پولیس رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے سیاسی جماعت کے کارکن سمیت 33 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ذرائع کے مطابق رینجرز نے گلشن اقبال 13 ڈی سے متصل کچی آبادی اور شاہ فیصل کالو نی نمبر 6 میں سرچ آپریشن کیا۔ گھر گھر تلاشی کے دوران سیاسی جماعت کے کارکن محمد علی عرف سی این جی سمیت 8 مشتبہ ملزمان کو حراست میں لیکر تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔باغ کورنگی کے قریب سی ٹی ڈی کے ساتھ مقابلے میں ایک مطلوب ملزم ہلاک ہوگیا جس کے قبضے سے اسلحہ بھی ملا ہے۔ضلع وسطی میں موسی کالونی ، ناظم آباد ، خلافت چوک ، پاپوش نگر سمیت دیگر علاقوں میں کالعدم تنظیم کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن کیا گیا۔سرچ آپریشن کے دروان رینجرز اور پولیس نے مشترکہ طور پر گھر گھر تلاشی لیتے ہوئے 25 مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر تفتیش کے لئے تھانے منتقل کردیا۔