کراچی( آئی این پی ) کراچی کے علاقے فائیو اسٹار چورنگی پر انتخابی مہم کے دوران تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے کارکنان آمنے سامنے آ گئے ۔ نامعلوم افراد نے کرسیاں ، میزیں الٹ دیں اور پوسٹر پھاڑ دیئے ۔ دونوں جماعتوں کے 4 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ۔ نجی ٹی وی کے مطابق ہفتہ کو این اے 245 کی انتخابی مہم کے دوران فائیو سٹار چورنگی پر ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کے کارکنان کے درمیان جھڑپ ہو گئی جس سے چار سے زائد افراد زخمی ہو گئے ۔ دونوں پارٹیوں کے کارکنان کے ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا ۔ تحریک انصاف کے رہنما فیصل واڈا نے کہا کہ ایم کیو ایم کے کارکنان نے ہمارے کیمپ پر حملہ کرکے ہمارے دو کارکنوں کو زخمی کر دیا جب کہ فاروق ستار کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف والے جانتے تھے ہمارا حیدری میں جلسہ ہے اس لئے انہوں نے پہلے تیاری کرکے ہم پر حملہ کر دیا اور ہمارے تین کارکن زخمی کر دیئے ۔