خبرنامہ سندھ

کراچی؛ بوسیدہ عمارت کی بالکونی گرنے سے خاتون جاں بحق

کراچی: (ملت+آئی این پی) لی مارکیٹ میں بوسیدہ عمارت کی بالکونی گرنے سے خاتون جاں بحق ہوگئی جبکہ شہر کے مختلف علاقوں سے کارروائیوں کیدوران پولیس نے 7 ملزموں کو حراست میں لے لیا۔ بفرزون سیکٹر 16 میں پولیس مقابلہ میں 2 ملزموں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان سے 2 ٹی ٹی پستول برآمد ہوئے۔ نیو کراچی سیکٹر الیون ای میں مکان سے ایک شخص کی لاش ملی ۔ دوسری جانب پاک کالونی میں پولیس نے گینگ وار ملزمان کے خلاف کارروائی کے دوران 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ سرجانی ٹاؤن میں پولیس نے چھاپہ مار کر دو اسٹریٹ کریمنلز کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نعمان اور زبیر کے قبضے سے موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ مدینہ کالونی سے بھی اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ملزم کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا گیا ۔