خبرنامہ سندھ

کراچی:بسیں جلانےوالے3ملزمان گرفتار،مقابلےمیں دو ہلاک

کراچی:(اے پی پی) کراچی کےعلاقے بھینس کالونی سے پولیس نے بسوں کو جلانے کے الزام میں ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے 3 ملزمان گرفتار کرلیے۔ مچھر کالونی میں محکمہ انسداد دہشت گردی نے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیاجبکہ لیاری میں پولیس مقابلے میں 2 ملزمان مارے گئے۔ پولیس کے مطابق بھینس کالونی میں چھاپا مار کارروائی کے دوران 3 ملزمان کو گرفتارکرلیا۔ملزمان کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ سے ہے۔ ملزمان گزشتہ روز لانڈھی کے علاقے میں بسیں جلانے کے واقعے میں ملوث ہیں۔ گرفتار ملزمان کو تفتیش کے لئے تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز شہر میں ملزمان نے 3 بسوں کو نذر آتش کر دیا تھا جبکہ جمعرات کے روز بھی گاڑیاں جلانے کے واقعات پیش آئے تھے۔ پولیس کے مطابق 2 ملزمان تا حال مفرور ہیں۔ مچھر کالونی میں محکمہ انسداد دہشت گردی نے کارروائی کرتے ہوئے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا۔ذرائع کے مطابق زیر حراست شخص کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ ملزم سے امجد صابری قتل کے حوالے سے بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ سرجانی ٹاؤن میں پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ اُدھر سپر ہائی وے پر مقابلے میں ملزم مارا گیا۔ لیاری کے علاقے بغدادی میں پولیس مقابلے میں گینگ وار کے 2 ملزمان ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ملزمان کی شناخت ذاکر عرف کٹی پہاڑی اور ندیم بلوچ کے نام سے ہوئی۔