خبرنامہ سندھ

کراچی:جہاز کےٹوائلٹ کےخفیہ خانوں سے ہیروئن برآمد

کراچی (آئی این پی) کسٹم حکام نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کے دوران جہاز کے ٹوائلٹ کے خفیہ خانوں سے 27کلو گرام سے زائد ہیروئن برآمد کرلی‘ چیئرمین پی آئی اے نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو کسٹم حکام نے کراچی ایئرپورٹ پر پی آئی اے کی پرواز کے ٹوائلٹ کے خفیہ خانوں سے ستائیس کلو گرام سے زائد ہیروئن برآمد کرلی جو نو پیکٹوں میں چھپائی گئی تھی۔ ہیروئن منگل اور بدھ کی درمیانی شب کی پرواز سے لاہور سے کراچی پہنچی تھی جو بدھ کی صبح دوسری پرواز کے ذریعے بیرون ملک سمگل کی جانی تھی۔ دوسری طرف ترجمان پی آئی اے کے مطابق واقعے کی تحقیقات کا حکم دیدیا گیا ہے۔ رات کی شفٹ کے عملے سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ (ن غ)