خبرنامہ سندھ

کراچی:دہشت گردوں کی فائرنگ سے پولیو ورکرز کی سیکیورٹی پر تعینات 7پولیس اہلکار شہید، 2زخمی

کراچی (آئی این پی) کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن اور بنگلہ بازار میں نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ سے پولیو ورکرز کی سیکیورٹی پر تعینات 7پولیس اہلکار شہیدجبکہ 2زخمی ہو گئے، واقعہ کے بعد اورنگی ٹاؤن میں انسداد پولیو مہم معطل، دکانیں بند کر دی گئیں،پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی جبکہ علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک مرتبہ پھر دہشت گرد سرگرم ہو گئے۔ بدھ کو کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن اور بنگلہ بازار میں نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ سے7پولیس اہلکار شہید جبکہ 2 شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کر کے ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے،شہید ہونے والے اہلکار اورنگی ٹاؤن میں انسداد پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر تعینات تھے، فائرنگ کے واقعہ میں پولیو ورکرز محفوظ رہے، حملہ آور دو موٹرسائیکلوں پر سوار تھے، فائرنگ کا واقعہ دو الگ الگ مقامات پر پیش آیا، فائرنگ کی جگہ سے ایس ایم جی اور نائن ایم ایم پستول کے خول اکٹھے کرلئے گئے ہیں، دہشت گردوں کی فائرنگ سے تین پولیس اہلکار اورنگی نمبر پندرہ میں جبکہ چار بنگلہ بازار میں شہید ہوئے۔ دوسری طرف واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، دکانیں و مارکیٹیں بند کر دی گئیں جبکہ اورنگی ٹاؤن میں انسداد پولیو مہم بند کر دی گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق موٹرسائیکل سوار حملہ آور دو موٹرسائیکلوں پر اسلام چوک کی جانب سے آئے اور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ واقعہ کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔(اح)