خبرنامہ سندھ

کراچی:رینجرزکی کارروائی،جعلی ڈی ایس پی سمیت دو اہلکارگرفتار

کراچی:(آئی این پی)کراچی میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی ڈی ایس پی سمیت دو اہلکاروں کو گرفتار کرکے دو مغوی خواتین کو بازیاب کرالیا، لیاری اور ملیرالفلاح میں پولیس نے چھاپہ مارکر تین ملزمان دھرلیے جبکہ پی آئی بی کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ کراچی کے علاقے ناظم آباد میں انڈا موڑ پر رینجرز نے رات گئے کارروائی کی،ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران جعلی ڈی ایس پی سمیت دو اہلکا روں کو گرفتار کرلیا گیااور مغوی خواتین کو بازیاب کرالیا گیا، ذرائع کا کہنا تھا کہ مغوی خواتین سے لاکھوں روپے تاوان طلب کیا گیا تھا۔ دوسری جانب ملیرالفلاح میں پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتارکرلیا، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ جبکہ لیاری سے پولیس نے گینگ وار کے اہم ملزم جنیدعباس کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق جنید عباس پولیس تھانوں پر حملوں میں ملوث ہے، چاکیواڑہ میں عوام نے ڈکیت کو رنگے ہاتھوں پکڑ کرخوب درگت بنائی اور پھر پولیس کے حوالے کر دیا،ادھر پی آئی بی کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا،جس کی شناخت اظہرکے نام سے ہوئی ہے جبکہ مقتول کی عمر اٹھائیس سال تھی۔