کراچی:کارروائی کے دوران بھاری اسلحہ برآمد
کراچی:(ملت آن لائن) رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی اسلحہ کی خرید و فروخت میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔ کراچی کے علاقے رضویہ سوسائٹی میں پاکستان رینجرز سندھ اور پولیس نے خفیہ اطلاع پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی اسلحہ کی خرید و فروخت کرنے والے گروہ کے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان میں اعظم عباس،عامر عباس اور آصف شامل ہیں جب کہ ملزمان کی نشاندہی پر مکان پر چھاپا مار کر بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولیاں بر آمد کرلیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والے اسلحہ میں جی تھری رائفل، 4 ایس ایم جیز، 2 سیون ایم ایم رائفل، 5 بارہ بور، ایم فور رائفل، پوائنٹ 22 رائفل، پوائنٹ 22پستول،6 نائن ایم ایم، 4 تیس بور پستول، تین 32بور پستول اور 38بور پستول شامل ہیں۔ اسد کے علاوہ 2159 مختلف اقسام کے راؤنڈز بھی بر آمد کیے جب کہ ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کےحوالےکردیا گیا ہے۔