خبرنامہ سندھ

کراچی:گلشن حدید میں ریموٹ کنٹرول دھماکہ؛3 افراد زخمی

کراچی(آئی این پی )شہر قائد کے علاقے گلشن حدید میں ریموٹ کنٹرول دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ملیر راؤ انوار کے مطابق دھماکا خیز مواد نیشنل ہائی وے پیٹرول پمپ کے قریب گرین بیلٹ میں ایک گملے کے اندر نصب کیا گیا تھا۔ راؤ انوار کے مطابق دھماکے کا نشانہ بظاہر ایک غیرملکی شہری تھے جو بغیر سیکیورٹی کے اپنے ڈرائیور کے ہمراہ وہاں سے گزر رہے تھے۔ ایس ایس پی راؤ انوار کے مطابق دھماکے کے مقام سے سندھی زبان میں تحریر ایک دھمکی آمیز خط بھی ملا ہے جس میں غیر ملکیوں کو مزید حملوں سے خبردار کرتے ہوئے کہا گیا کہ وہ سندھ کے کوئلے کے ذخائر پر قبضہ کر رہے ہیں۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہیں پولیس اور سیکیورٹی اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔ زخمیوں کو قریب ہی واقع 100 بیڈ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ دوسری جانب انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس اے ڈی خواجہ نے ڈی آئی جی ایسٹ اور ایس ایس پی ملیر راؤ انوار سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔