خبرنامہ سندھ

کراچی: ابراہیم حیدری میں کئی روز سے بجلی بند

کراچی (آئی این پی )کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں بجلی کی عدم فراہمی پر علاقہ مکینوں نے کے الیکٹرک کے دفتر کے باہر دھرنا دے دیا۔ مظاہرین کی کے الیکٹرک کے خلاف نعرے بازی۔ ابراہیم حیدری کے مختلف علاقوں میں کئی روز سے بجلی منقطع ہونے کے خلاف علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے کے الیکٹرک کے مین گیٹ پر دھرنا دے دیا۔ مظاہرین نے کے الیکٹرک کے خلاف نعرے بازی کی، جبکہ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔احتجاج کرتے مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقے کی کئی روز سے بجلی منقطع ہے جس کی وجہ سے بڑی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بجلی کے بل کی ادائیگی کے باوجود بجلی نہیں آ رہی ہے۔ احتجاج کرنے والوں میں عورتوں اور بچوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔