خبرنامہ سندھ

کراچی: افغان باشندےاسٹریٹ کرائم میں ملوث ہیں، ڈی جی رینجرز

کراچی:(اے پی پی) ڈی جی رینجرزمیجرجنرل بلال اکبر نے کہا ہے کہ قومی ایکشن پلان کے تحت رینجرز اب اندرون سندھ بھی کاروائی کرے گی ،دہشت گرد کہیں بھی ہوگا نہیں چھوڑیں گے۔ ڈی جی رینجرز میجرجنرل بلال اکبر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ رینجرزاندرون سندھ آپریشن کا آغاز کرچکی ہے، رینجرزکی نیشنل ایکشن پلان کے تحت شرپسند عناصر کے خلاف ہرجگہ کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ آپریشن کے بغیر کراچی میں امن ممکن نہیں، ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے شرپسند عناصر کراچی کے جرائم ملوث ہیں اوران کی پناہ گاہیں سندھ کے مختلف علاقوں میں ہیں جہاں مغویوں کو بالائی اور زیریں سندھ میں رکھا جارہا ہے۔ ان کا مزید کا کہنا تھا کہ افغان باشندے بھی کراچی کے اسٹریٹ کرائم میں ملوث ہیں، قانون کے مطابق صوبے بھرمیں کارروائیاں کی جائیں گی اوراغواکاراورقاتلوں کو صوبے بھرمیں تلاش کیا جائے گا۔ ڈی جی رینجرزنے اس عزم کا اظہارکیا کہ جرائم میں ملوث کسی شخص کو معاف نہیں کیا جائے گا۔