خبرنامہ سندھ

کراچی: انتظامات کے دعوے پانی میں بہہ گئے

کراچی: (آئی این پی) محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیش گوئی کے باجود نالوں کی صفائی کیلئے زبانی جمع خرچ ہی کیا جا رہا ہے۔ مون سون سے قبل صرف چھوٹے نالوں سے ہی کچرا صاف کیا جا سکا مگر شہر کراچی کے سولہ بڑے نالے اب بھی کچرے کی تہہ سے ڈھکے ہوئے ہے۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ میونسپل کی جانب سے صفائی کے بڑے دعوے کئے گئے ادھر کمشنر کراچی کے نالوں کے متعدد دورے بھی صفائی نہ کروا سکے۔ شدید بارشوں کی صورت یہی کچرے بھرے نالے کسی انسانی حادثے کی وجہ بن سکتے ہیں۔ کراچی والے ہوشیار ہو جائیں۔ اب کھل کے بارش ہو گی۔ نالے ابلنے کو تیار ہیں۔ ہورڈنگز بھی نہیں ہٹائے گئے۔ اہل کراچی کیلئے ایک کے بعد دوسری مصیبت تیار ہے۔ دھابے جی کے قریب 72 انچ قطر کی پائپ لائن پھٹ گئی ہے۔ پیپری اور گھارو پمپنگ اسٹیشن پر بھی بجلی بند ہے۔ شہر کو پانی کی فراہمی معطل ہے جس کے باعث شہری شدید پریشان ہیں۔ یہی نہیں، کوئی اس شہر کا پرسان حال بننے کو بھی تیار نہیں۔ ڈائریکٹر میونسپل سروسز کا فون بند ہے۔ افطاری کے وقت بجلی نہیں، سحری کے وقت معلوم نہیں کیا ہو گا۔