خبرنامہ سندھ

کراچی :اورنگی میں سات پولیس اہلکاروں کے قتل کے مقدمات درج

کراچی:(آئی این پی )کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں سات پولیس اہلکاروں کے قتل کے بعد کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے خاتون سمیت گیارہ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ۔ آئی جی سندھ کی زیر صدارت اجلاس میں دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی طے کی گئی ، ادھر سات پولیس اہلکاروں کے قتل کے چار مقدمات سی ٹی ڈی گارڈن میں درج کر لئے گئے ہیں ۔ بربریت کی ایسی داستان کہ ہر آنکھ سے آنسو ٹپکا ، سانحہ اورنگی ٹاؤن میں فرائض کی ادائیگی میں جان قربان کرنے والے 7 پولیس اہلکاروں کی شہادت کے بعد کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے ڈیفنس ، شیریں جناح کالونی ، اورنگی ٹاؤن اور نیلم کالونی میں چھاپوں کے دوران خاتون سمیت گیارہ افراد کو حراست میں لے لیا ۔ اورنگی ٹاؤن سے تین افراد ، ڈیفنس اور شیریں کالونی سے سات جبکہ نیلم کالونی سے ایک خاتون کو گرفتار کیا گیا ۔ ایس ایس پی سی ٹی ڈی نوید خواجہ کے مطابق زیر حراست افراد کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔ اورنگی ٹاؤن دہشت گردی واقعے کے حوالے سے اعلیٰ پولیس افسران کا رات گئے آئی جی سندھ کی صدارت میں اجلاس ہوا جس میں پولیو ٹیموں کی سکیورٹی سخت اور دہشتگردوں کے خلاف کریک ڈائون مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ دوسری جانب سی ٹی ڈی تھانہ گارڈن میں 7 پولیس اہلکاروں کے قتل کے مقدمات درج کر لئے گئے ہیں ۔ مقدمہ انسپکٹر سی ٹی ڈٰی کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ۔ مقدمے میں قتل ، اقدام قتل اور انسداد دہشتگردی کی دفعات شامل ہیں ۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واردات کی مختلف پہلوئوں سے تفتیش کی جا رہی ہیں ۔