خبرنامہ سندھ

کراچی :اورنگی میں پولیس اہلکاروں کے قاتلوں کے خاکے جاری

کراچی:(اے پی پی)کراچی کے علاقے اورنگی ٹاون میں قتل ہونے والے سات پولیس اہلکاروں کے قتل کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے ۔ تفتیشی حکام نے پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کے خاکے جاری کردیئے ۔ کراچی پولیس نے اورنگی ٹاون میں فائرنگ کرکے سات پولیس اہلکاروں کو قتل کرنے والے 6 ملزمان کے خاکے جاری کردیئے ۔ پولیس حکام کے مطابق خاکے دس عینی شاہدین کی مدد سے تیار کیئے گئے ہیں ۔ جاری کردہ خاکوں کے مطابق فائرنگ کرنے والے دو ملزمان نے کیپ پہنی ہوئی تھی جبکہ ایک موٹر سائیکل سوار ملزم نے ہیلمٹ پہنا ہوا تھا ۔ فائرنگ کرنے والے ایک ملزم نے فائرنگ کرنے والے ایک ملزم نے دھوپ کا چشمہ پہن رکھا تھا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان کو فائرنگ کرتے ہوئے دس عینی شاہدین نے دیکھا جبکہ موقع کے چار گواہوں نے دہشت گردوں کو انتہائی قریب سے دیکھا جن کے بیانات قلمبند کئے گئے اور ان کی روشنی میں خاکے تیار کئے گئے ہیں ۔ 20 اپریل کو اورنگی ٹائون میں مسلح دہشت گردوں نے دو مقامات پر پولیس کو نشانہ بناتے ہوئے 7 پولیس اہلکاروں کو قتل کردیا تھا ۔ پولیس حکام نے ملزمان کی گرفتاری میں مدد دینے پر 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے ۔