کراچی:(اے پی پی)کراچی میں سنگ دل پوتا پیسوں کے لالچ میں قاتل بن گیا، ڈکیتی کے دوران اپنی دادی کو قتل اور دادا کو زخمی کرنے والے پوتے کو ساتھی سمیت گرفتار کرلیا گیا۔23فروری کو کینٹ میں ایک گھر سے 70 سالہ خاتون کی لاش ملی جبکہ شدید زخمی حالت میں ملنے والے خاتون کے شوہرکو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ مقدمہ درج کرنے کے بعد پولیس نے تفتیش کا آغاز کیا اور مقتول سلینا کے پوتے کو اس کے دوست سمیت گرفتار کرلیا۔ تفتیش کے دوران گرفتار ملزم نعیم پرویز عرف بابو اور اس کے ساتھی ایڈرک خرم نے ڈکیتی کے واردات کی وجہ بتائی کہ ملزم بیرون ملک جانا چاہتے تھے اور اس کے لیے انہیں پیسے درکار تھے جس کے بعد گرفتار ملزم کے ماموں زاہد پرویز نے منصوبہ تیار کیا۔ ملزم کے تیسرے ساتھی کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے ،پولیس کا کہنا ہےکہ اسے جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔