خبرنامہ سندھ

کراچی: ایم کیوایم کےمزید چارغیرقانونی دفاترمنہدم کردیئےگئے

کراچی: (آئی این پی) کراچی میں 23 اگست سے پارکوں اور سرکاری اراضی پر قائم ایم کیو ایم کے غیر قانونی دفاتر کو مسمار اور سیل کیئے جانے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ نیو کراچی میں بلال کالونی سمیت مختلف مقامات پر قائم ایم کیو ایم کے مزید چار دفاتر مسمار کر دیئے گئے۔ جسکے بعد ایم کیو ایم کے مسمار کئے جانے والے دفاتر کی تعداد 129 ہو گئی ہے جبکہ ایم کیو ایم کے 89 دفاتر سیل ہیں۔ دفاتر مسمار ہونے کے بعد علاقہ مکین بلخصوص بچوں کی تو جیسے موجیں ہی ہو گئیں ہوں جنہوں نے دفتر کے سامان کو مال غنیمت جان کر بٹورا۔ کسی کے ہاتھ کرسی لگی تو کوئی دروازہ ہی لے اڑا ۔ کسی نے ملبے سے نکلنے والے سریے پر ہاتھ صاف کیے تو کوئی وائرنگ کا تار لے کر فرار ہو گیا ۔ ذرائع کے مطابق شہر میں ایم کیو ایم کے غیر قانونی دفاتر مسمار کرنے کا سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا۔