خبرنامہ سندھ

کراچی : بارش سےشہر میں بجلی کا نظام ٹھپ ہوگیا

کراچی (آئی این پی) کراچی میں مون سون کی بارش آئی اور پھر شہر کے مختلف علاقوں کی بجلی اور پانی چلے گئے ۔ کے الیکٹرک کا نظام مکمل طور پر ٹھپ ہوگیا ۔ آٹھ سو سے زائد فیڈرٹرپ ہونے پر شہری سڑکوں پر نکل آئے اور رات احتجاج میں گزار دی ۔ شہر قائد میں کالی گھٹائیں آئیں پھر خوب برسیں ، موسم نے کروٹ لی ۔ شہریوں کے چہرے کھلے مگر زیادہ دیر خوشی سنبھال نہ سکے ۔ شہریوں کیلئے پے در پے مسائل کی برسات ہوگئی ۔ مون سون کی پہلی برسات نے ہر طرف پانی ہی پانی کر دیا ۔ وہیں کئی علاقوں میں بجلی اور پانی غائب ہوگئے ۔ ساون برسا تو جیسے کے الیکٹرک کیلئے امتحان بن گیا ۔ شہر کے 812 فیڈر ٹرپ کرگئے مگر کے الیکٹرک حکام کے دعووں اور غلط بیانی کا سلسلہ جاری رہا ۔ رات بھر گلستان جوہر ، فیڈرل بی ایریا ، ملیر ، لانڈھی ، کورنگی اور بلدیہ سمیت متعدد علاقے اندھیرے میں ڈوبے رہے ۔ طویل لوڈشیڈنگ سے تنگ شہری گھروں سے باہر نکلنے پر مجبور ہوگئے ۔ تیس فیصد شہر کو بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے 26 کروڑ گیلن پانی بھی فراہم نہ ہو سکا ۔ لوگوں کو سحری کی تیاری میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، گھروں میں پینے کیلئے پانی تک نہ رہا ۔ شہر کی 100 سالہ تاریخ میں اتنی بڑی تعداد میں کبھی فیڈر ٹرپ نہیں ہوئے ۔ کے الیکٹرک حکام گمراہ کن حقائق بیان کرکے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکتے رہے ۔ بارش کا آنا اور اس کے بعد بجلی کا جانا شہری انتظامیہ کیلئے ایک نئی آزمائش بن گیا ، مزید بارشیں نہ جانے شہریوں کیلئے کیا اور مسائل لیکر آئیں گی ۔