خبرنامہ سندھ

کراچی :بینک میں جھانسا دے کر لوگوں کو لوٹنے والا گرفتار

کراچی:(آئی این پی ) کراچی کے بینک میں جھانسا دے کر لوگوں کو لوٹنے والا پکڑا گیا ، ملزم کو عزیز آباد تھانے میں بندکردیا گیا۔ملزم نے شاہ فیصل میں بھی خاتون سے 86ہزار روپے ہتھیائے تھے۔حسین آباد میں نجی بینک کے قریب کھڑی پولیس موبائل میں بیٹھے اہلکاروں نے ایک مشکوک شخص کو بینک سے نکلنے والے شخص سے پیسے لوٹ کر بھاگتے دیکھا تو اس کا پیچھا کرکے اسے گرفتار کرلیا۔ ملزم کی شناخت سید غلام علی کے نام سے ہوئی، ملزم بینک میں داخل ہوکر رقم نکلوانے والے شہریوں سے ملتا اور چند ہی سیکنڈ میں بات چیت کے دوران نظربند کرکے رقم لوٹ کر رفو چکر ہوجاتا۔گرفتاری کے وقت ملزم نے شہری سے ایک لاکھ 40ہزار روپےلوٹے تھے، جوکہ ملزم کے ساتھی لے کر فرار ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم گلستان جوہر کا رہائشی ہے اور اس کا تعلق ایران سے ہے جبکہ ملزم ابھی تک قومی شناختی نہیں دے سکا ۔ملزم کی فوٹیج ٹی وی پر نشر ہونے کے بعد متاثرہ خاتون نے بھی تھانے سے رجوع کرلیا، خاتون کے مطابق ملزم اس سے بھی شاہ فیصل کالونی کے علاقے میں 86ہزار روپے ہتھیا چکا ہے، ملزم کے خلاف دھوکہ دہی کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔