کراچی: تالا توڑ گروپ پھر متحرک
کراچی:(ملت آن لائن) کراچی پولیس تالا توڑ گروپ کا کوئی توڑ نہ نکال سکی۔ ایم اے جناح روڈ پر لٹیروں نے تسلی سے کارروائی کی اور کپڑے کی دکانوں سے سنار کی دکان میں گھسے اور سب کچھ لے کر فرار ہوگئے۔ تالا توڑ گروپ نے اس مرتبہ فلمی انداز اپنا یا، ایک دو نہیں چار دکانوں کا صفایا کر دیا۔ایم اے جناح روڈ جوبلی مارکیٹ میں 6 ملزمان نے رات تین بجے تسلی سے کارروائی کی۔ پہلے تالے توڑے پھر کپڑے کی دکانوں سے مال چرایا اور ایک دکان کی دیوار توڑ کر سنار کی دکان میں جاگھسے اور سب کچھ لے اُڑے۔ ملزمان کا ہدف سنار کی دکان تھی، مزاحم پر چوکیدار کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔ تاجروں کا کہنا ہے کب تک جمع پونجی لٹاتے رہیں گے، کوئی شنوائی نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا واقعے کے بعد ہمیشہ کی طرح پولیس تاخیر سے پہنچتی ہے اور بیانات ریکارڈ کرنے کے بعد چلی جاتی ہے۔