خبرنامہ سندھ

کراچی :جامعہ اردو میں طلبہ تنظیموں میں تصادم ، دو اساتذہ پر تشدد

کراچی:(آئی این پی) جامعہ اردو کے مولوی عبدالحق کیمپس میں دو طلبہ تنظیموں میں تصادم کے دوران دو اساتذہ پر تشدد کیا گیا ۔ ایک استاد کا سر پھٹ گیا ، پولیس نے واقعہ میں ملوث سات افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ۔ کراچی میں وفاقی جامعہ اردو کے مولوی عبدالحق کیمپس میں ایم فل کی کلاس کے پہلے دن باہر کے ایک طالبعلم کی موجودگی پر دو طلبہ تنظیموں کے حامیوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جو ہنگامہ آرائی میں تبدیل ہوگئی جس کے باعث کیمپس میں بھگدڑ مچ گئی اور تدریسی عمل معطل ہوگیا ۔ اساتذہ نے بیچ بچائو کی کوشش کی تو طلبہ نے دو اساتذہ پر تشدد کیا جس سے ایک استاد اصغر دستی کا سر پھٹ گیا ۔ ہنگامہ آرائی کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور صوتحال پر قابو پالیا ۔ ایس ایس پی سٹی ذیشان صدیقی کے مطابق دو طلبہ تنطیموں کے درمیان جھگڑا ہوا جو شدت اختیار کرگیا ۔ اساتذہ جو نام دیں گے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ پولیس نے تین طلبا کو گرفتار کیا ہے ۔ انجمن اساتذہ جامعہ اردو نے اساتذہ پر تشدد پر تین روزہ یوم سوگ کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ جب تک سیکورٹی فراہم نہیں کی جائے گی کلاسوں کا بائیکاٹ کیا جائےگا ۔ رسالہ تھانے میں سات افراد کے خلاف جلائو گھیرائو اور حملہ کرنے کی دفعات کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں جبکہ جامعہ کی انتظامیہ نے واقعہ ملوث طلبہ کو یونیورسٹی سے نکال دیا ہے ۔