خبرنامہ سندھ

کراچی حالات: رینجرز کا کردار سرفہرست ہے

اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے گورنر سندھ محمد زبیر کی ملاقات‘ صوبہ سندھ کی مجموعی اور بالخصوص کراچی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ منگل کو وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے گورنر سندھ محمد زبیرنے ملاقات کی جس کے دوران سندھ کی مجموعی اور بالخصوص کراچی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ کراچی کے موجودہ حالات اور امن و امان کی بہتر صورتحال تمام سیکیورٹی اداروں کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے جس میں رینجرز کا کردار سر فہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کراچی کے اسٹیک ہولڈرز بشمول تمام سیاسی جماعتوں کے واضح مطالبے، ملکی مفاد اور بالخصوص کراچی کے عوام کی فلاح و بہبود کی غرض سے شروع کیے گئے آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پر عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے امن و امان کے سلسلے میں رینجرز کی کوشیں اور قربانیاں کسی سے پوشیدہ نہیں اختیارات کے بغیر رینجرز کو کراچی کی سڑکوں اور چوراہوں پر نہیں کھڑا کر سکتے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اختیارات کے سلسلے میں ہر مرتبہ لیت و لعل سے کراچی کے امن و شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔