کراچی: خاتون پر تیز دھار آلے سے حملے کی ایک اور واردات
کراچی(ملت آن لائن)خاتون پر تیز دھار آلے سے حملے کی ایک اور واردات ہوئی ہے جس کے بعد حملے میں زخمی ہونے والی خواتین کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔
کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں گزشتہ کئی روز سے خواتین پر تیز دھار آلے سے حملوں کی وارداتیں ہورہی ہیں جس میں 7 خواتین زخمی ہوچکی ہیں جب کہ پولیس اب تک ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔
خواتین پر حملے کی ایک اور واردات ہوئی ہے اور اس بار ایک خاتون کو آج صبح کے اوقات میں محکمہ موسمیات کے دفتر کےقریب نشانہ بنایا گیا ہے جہاں رکشے سے اترتے ہوئے نامعلوم شخص خاتون پر تیز دھار آلے سے حملہ کرکے فرار ہوگیا۔
واردات کے بعد خاتون اسی رکشے میں نجی اسپتال پہنچیں جہاں انہیں طبی امداد دے کر فارغ کردیا گیا ہے۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہےکہ خاتون کی کمر پر تیز دھار آلے سے حملہ کیا گیا تاہم انہیں معمولی نوعیت کا زخم آیا ہے۔
خاتون کا کہنا ہےکہ موٹرسائیکل پر سوار شخص ہیلمٹ پہنے ہوئے تھا جو تیزی سے حملہ کرکے فرار ہوگیا اور وہ اسے دیکھ نہ سکیں۔
پولیس نے حملے میں زخمی ہونے والی 2 خواتین کے بیانات کی روشنی میں مقدمات تو درج لیے ہیں لیکن اب تک کوئی گرفتار نہیں ہوئی ہے۔
پولیس حکام کا دعوٰی ہے کہ ملزم کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں اور سادہ لباس اہلکاروں کو مختلف مقامات پر تعینات کردیا گیا ہے۔