کراچی: دو نوجوانوں کی شارع فیصل پر ہوائی فائرنگ، پولیس سوئی رہی
کراچی: (ملت آن لائن) کراچی میں رات کو سڑکوں پر پولیس کی رٹ ختم ہو گئی، دو نوجوانوں کی فائرنگ کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔ نواجوان کی شارع فیصل پر کھلے عام فائرنگ تفصیلات کے مطابق، کراچی پولیس نے رات کے وقت سڑکوں پر گشت ختم کر دیا جس کا فائدہ نوجوان اٹھا کر قانون کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔ گزشتہ رات پھر شارع فیصل پر دو بگڑے نوجوانوں نے پولیس کو چیلنج کیا۔ عمیر اور طلحہ نامی نوجوان ہوائی فائرنگ کرتے رہے اور ویڈیوز بھی اپنے انسٹاگرا م اکاؤنٹ پر اپ لوڈ کی۔ ایک ویڈیو میں گاڑی کی سیٹ پر نوٹوں کی گڈیاں بھی موجود تھیں۔ نوجوانوں نے انتہائی حساس علاقے پرنٹنگ پریس کے سامنے بھی فائرنگ کی جو اس بات کا ثبوت ہے شہر قائد میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ خیال رہے چند روز پہلے عدنان پاشا نامی نوجوان کی ہوائی فائرنگ کی ویڈیو بھی منظرعام آئی جس میں اس نے پولیس کو کھلے عام چیلنج کیا۔ معاملہ جب میڈیا پر آیا تو عدنان پاشا کا تماشا بن گیا اور کہانی کو کوئی اور موڑ دیدیا۔ مقدمہ درج ہوا تو ملزم کو عبوری ضمانت بھی کرانی پڑی، شہر قائد میں اس قسم کے بڑھتے واقعات پولیس کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔