کراچی:(آئی این پی )کراچی میں دہشتگردوں نے مبینہ ٹائون تھانے اور گرلز کالج پر دستی بموں سے حملہ کر دیا ، حملے میں کسی کے زخمی یا جاں بحق ہونے کی اطلاع نہیں ملی ۔ دہشتگردوں نے پہلے مبینہ ٹائون میں تھانے کی عمارت کو نشانہ بنایا جس میں تھانے میں کھڑی پولیس کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کیلئے مقامی ہسپتال داخل کرا دیا گیا ، دوسرا حملہ اپوا گرلز کالج پر کیا گیا جس میں دہشتگردوں نے کالج کے قریب سے گزرنے والے پل سے سکول پر بم حملہ کیا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا ۔ دھماکے میں کسی طالبہ کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ۔ پولیس نے دھماکوں کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر کے ملزموں کی تلاش کیلئے ٹیمیں روانہ کر دی ہیں ۔