خبرنامہ سندھ

کراچی: راؤ انوار ایس ایس پی ملیر تعینات

کراچی: (ملت+اے پی پی) سندھ پولیس میں دہشتگردوں کے خلاف پے در پے مقابلوں اور 1992 کے آپریشن سے مشہور راؤ انوار کو ایس ایس پی ملیر تعینات کر دیا گیا ہے۔ راؤ انوار کو 16 ستمبر کو ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن کی گرفتاری پر وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے عہدے سے ہٹا کر معطل کیا تھا اور تحقیقاتی کمیٹی بھی قائم کی تھی۔ راؤ انوار پر لگائے الزامات غلط ثابت ہوئے تو ان کو 14 دسمبر 2016 کو انکوائری کمیٹی کے سربراہ ڈی آئی جی سی آئی اے ڈاکٹر جمیل نے بحال کر دیا تھا۔ ایس ایس پی راؤ انوار 200 دہشتگردوں سمیت 300 ملزمان کو پولیس مقابلوں میں انجام تک پہنچا چکے ہیں۔ ایس ایس پی راؤ انوار کا کہنا ہے کہ شہر میں ہونے والی حالیہ پولیس اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ پر تحقیقات کر کے ملزمان کو قانون کی گرفت میں لانا اولین ترجیح ہے۔