خبرنامہ سندھ

کراچی: رینجرز کی کارروائیاں، بی ایل اے کمانڈر سمیت 19 گرفتار

کراچی: رینجرز

کراچی: رینجرز کی کارروائیاں، بی ایل اے کمانڈر سمیت 19 گرفتار

کراچی:(ملت آن لائن) قانون نافذ کرنے والے ادارے نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے بلوچ لبریشن آرمی کے کمانڈر اور سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے 3 کارکنان سمیت 19 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان رینجرز کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق رینجرز نے بہادر آباد اور گلبرگ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ٹارگٹ کلنگ، ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم، سرکاری اراضی کے لین دین میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ رینجرز کے مطابق حراست میں لیے جانے والے 3 میں سے دو افراد کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے جن کی شناخت محمد اسماعیل عرف فوجی اور محمد زبیر عرف ماما جبکہ تیسرے کی محمد مراد سے ہوئی جس کی وابستگی ایم کیو ایم حقیقی سے ہے۔
کراچی میں رینجرز کی کارروائی، 8ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد
دوسری جانب رینجرز نے لیاری کے علاقے میٹھادر، کلری، کھارادر میں کارروائی کرتے ہوئے 6 ملزمان کو گرفتار کیا جن میں سے ایک ملزم نوید کا تعلق بلوچ لبریشن آرمی جبکہ بقیہ کا لیاری گینگ وار سے ہے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق لیاری گینگ وار کا کارندہ حسنین کھارا در میں ہونے والے دستی بم حملے، وال چاکنگ، اسلحے کی غیر قانونی ترسیل سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث ہے۔ ملیر سٹی اور کلفٹن کے علاقے گزری میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے عبد العزیز اور یوسف کو گرفتار کیا جو اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہیں جبکہ ڈاکس میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ایکشن کے نتیجے میں 4 منشیات فروش گرفتار ہوئے۔