کراچی (آئی این پی) کراچی کے علاقوں گلشن چورنگی اور عیسیٰ نگری کے قریب رینجرزکی 2 چوکیوں پر چند منٹ کے وقفے سے دستی بم حملے کیے گئے۔ نامعلوم ملزم موٹر سائیکلوں پر سوار تھے، حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پہلا دستی بم حملہ گلشن اقبال میں گلشن چورنگی کے قریب قائم رینجرز کی چوکی پر پونے 8 بجے کے قریب کیا گیا جس میں ملزم دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے۔ حملے میں چوکی کی دیوار کو نقصان پہنچا۔ چند منٹ بعد دوسرا حملہ عیسیٰ نگری کے قریب واقع رینجرز کی چوکی پر کیا گیا، خوش قسمتی سے اس حملے میں بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا‘ ملزم فرار ہوگئے۔ ایس پی گلشن کے مطابق رینجرز کی دونوں چوکیوں پر 3 منٹ کے وقفے سے حملے کئے گئے۔ ایس پی گلشن کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی جانب سے پولیس، رینجرز کی پٹرولنگ ٹیم پر حملوں کی پیشگی اطلاع تھی۔ انچارج بم ڈسپوزل سکواڈ ویسٹ عابد فاورق کے مطابق دونوں حملوں میں مماثلت پائی جاتی ہے۔ بم کالے رنگ کی تھیلی میں باندھ کر پھینکے گئے۔ دھماکہ خیز مواد دیسی ساختہ تھا اور وزن 500 گرام ہے جبکہ تین ماہ قبل ناظم آباد میں رینجرز کی چوکی پر بھی حملے میں اسی طرح کا مواد استعمال کیا گیا تھا۔ وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ دوسری جانب قائد آباد میں محکمہ انسداد دہشت گردی کے اہلکاروں کے ساتھ مقابلے میں ہلاک ہونیوالے دہشت گردوں کا تعلق القاعدہ برصغیر سے تھا۔ سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ حساس ادارے کی رپورٹ پر قائد آباد میں کارروائی کی گئی جس کے دوران دہشت گردوں نے فائرنگ کردی۔ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت ارشد اور عمیر کے نام سے ہوئی ہے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد ارشد کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے جبکہ عمیر کے سر کی قیمت 5 لاکھ روپے مقرر تھی۔ دونوں دہشت گردوں کا تعلق القاعدہ برصغیر سے تھا۔ دہشت گردوں کے قبضے سے دستی بم اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا گیا۔ ادھر کورنگی زمان ٹاؤن میں پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔ لیاقت آباد میں چونا ڈپو کے قریب قانون نافذ کرنیوالے ادارے نے کارروائی کی جس کے دوران تین مشتبہ افراد کو حراست لے لیا گیا۔ دوسری طرف سندھ رینجرز نے کہا ہے کہ چند دنوں سے ایک عسکریت پسند گروپ دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے۔ رینجرز کی چیک پوسٹوں پر کریک حملے اور الزامات اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔ ترجمان رینجرز کے مطابق عسکریت پسند گروپ لوگوں کو پرتشدد کارروائیوں کی ترغیب دے رہا ہے۔ پرتشدد کارروائیوں پر اکسانے والے افراد کو جلد گرفتار کرلیا جائیگا۔ عوام ملک دشمن عناصر کے جھانسے میں نہ آئیں، کچھ افراد ن رابطہ قائم کر کے مذموم کوششوں کی نشاندہی کی ہے۔ قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے تعاون کرنیوالوں کو تحفظ فراہم کیا جائیگا۔ رینجرز سندھ نے پرتشدد کارروائیوں پر اکسانے کی کوششوں کا سخت نوٹس لیا ہے۔ عوام ملک دشمن عناصر کی اطلاع رینجرز ہیلپ لائن 1101 پر دیں۔ علاوہ ازیں دہشت گردوں نے ایس پی اورنگی ٹائون کے دفتر کے باہر بال بم رکھ دیا جسے بم ڈسپوزل سکواڈ نے پہنچ کر ناکارہ بنایا بم 3 سو گرام بارودی مواد سے بنایا گیا تھا جو رینجرز چوکیوں پر پھینکے گئے بموں سے مماثلت رکھتا تھا۔